دبئی 28؍نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تباہ کرنے سے متعلق ایرانی صدر حسن روحانی کا بیان خطے میں کشیدگی بھڑکائے گا۔منگل کے روز امریکی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں پومپیو نے کہا کہ اسلامی یک جہتی کے حوالے سے ایک بین الاقوامی کانفرنس میں روحانی نے دنیا بھر کے مسلمانوں کی اس بات پر حوصلہ افزائی کی کہ وہ امریکا کے خلاف متحد ہو جائیں۔ یہ ایک خطر ناک اور غیر ذمے دارانہ اقدام ہے جس سے ایران کی تنہائی میں اضافہ ہو گا۔بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ ایرانی نظام کسی طور بھی امریکا یا اسرائیل کا دوست نہیں کیوں کہ وہ بارہا کروڑوں لوگوں کے قتل کی صدا لگاتا ہے جن میں مسلمان بھی ہیں۔امریکی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی عوام اپنی حکومت سے متفق نہیں جو 39 برس سے دنیا کے سامنے اپنے عوام کی بدترین نمائندگی کر رہی ہے۔ ایران کا حکمراں نظام اپنے عوام کے خلاف طویل عرصے سے جبر و استبداد پر عمل پیرا ہے۔